کاروار:28؍نومبر(ایس اؤ نیوز) چھوٹی آب پاشی کے اعداد و شمارات کی تجدیدکاری منصوبہ کے لئے کئے جارہے چھٹویں چھوٹی آب پاشی سروے کو جلد مکمل کرنے اترکنڑا ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمارنے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔وہ کاروار ڈی سی دفتر میں محکمہ چھوٹی آب پاشی اور زیر زمین پانی کی ترقی کمیٹی کی طرف سے آبی کوآرڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کررہے تھے۔ انہوں نے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ چھوٹی آب پاشی ، تحصیل ، دیہی ترقی اور متعلقہ محکمہ جات کے افسران ضلع میں موجود نالے ، تالاب وغیرہ کو سروے میں شمار کریں اور مکمل رپورٹ جلد سونپیں۔ ضلع کے تحصیلداروں سےکہاکہ وہ اپنے تعلقہ جات میں متعلقہ محکمہ جات کے افسران اور عملے کو تربیت کے لئے نامزد کریں ۔ سروے محکمہ کے ریسورس پرسن انہیں ضروری تربیت دیں گے۔
ڈی سی کو آفسران کو کہا کہ وہ ضلع میں کھودے ہوئے کنوئیں ، ایسے بورویل جو گہرے نہیں ہیں، درمیانی گہرائی والے بورویل اور گہرے بورویل کتنے ہیں اس کی مکمل رپورٹ جمع کرتےہوئے سروے کو بہتر انداز میں مکمل کریں۔ مجوزہ سروے کے نتیجےمیں دیہی، شہری اور مضافاتی علاقوں میں کتنا پانی دستیاب ہے اور کتنی ضرورت ہوگی اس کا ایک اندازا لگایا جاسکتاہے۔ اگلے موسم گرما کے لئے یہ سروے ہمارے لئے معاون و مددگار ثابت ہوگا ۔
اس موقع پر ضلع پنچایت سی ای اؤ محمد روشن سمیت مختلف محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔